23 ستمبر 2025 - 17:43
غزہ کے ذمہ داروں کو نتائج بھگتنا ہوں گے، وزیر اعظم پولینڈ

پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے اسرائیلی مظالم پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے ذمہ داروں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے پیر کو غزہ کی صورت حال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں خوف ناک واقعات پیش آ رہے ہیں، اور ذمہ داروں کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

جب ڈونلڈ ٹسک سے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے اقدامات کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس کی کوئی وجہ نہیں ہو سکتی، بچوں کے قتل یا شہریوں کو بھوکا رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے، ہمیں جرم کو اس کے اصل نام سے پکارنا چاہیے۔انھوں نے کہا میں نے ہمیشہ دہشت گردی سے لڑنے کے اسرائیل کے حق کا دفاع کیا ہے، ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ اسرائیل کس طرح برسوں سے ایران، کچھ عرب ریاستوں اور دہشت گردوں کے دباؤ میں رہا ہے، لیکن غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔

پولش وزیر اعظم نے کہا کہ یہ صورت حال اسرائیل کے امیج اور کوششوں کو تباہ کر رہی ہے، ہم جانتے ہیں کہ حماس ذمہ دار ہے یا مشترکہ طور پر ذمہ دار ہے، ہاں، لیکن یہ اب بھی کسی بھی طرح سے غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کو جائز نہیں بناتا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں حماس کے حملوں کے بعد سے اسرائیل غزہ میں 65,000 سے زیادہ فلسطینیوں کو قتل کر چکا ہے، پورا علاقہ تباہ ہو چکا ہے اور وہاں باقی فلسطینیوں کو بدترین قحط کا سامنا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha